Mai apnay khawab bunta hn| میں اپنے خواب بُنتا ہوں

The poetic journal. urdu poetry. urdu ghazal.

میں اپنے خواب بُنتا ہوں

میں اپنے خواب بُنتا ہوں
میں اپنے خواب چُنتا ہوں
وہ خوابوں کا محل جس میں
تمہیں مہمان رکھا تھا
وہ خوابوں کا محل جس میں
تمہیں گمنام رکھا تھا
کبھی مل جاؤ تم شاید
اسی ہی آس پر تھے ہم
مگر میں یہ بھی بھولا تھا
کے راہیں مل بھی جائیں تو
کبھی قسمت نہیں ملتی
کسی دیرینہ خواہش کی
کبھی منزل نہیں ملتی

کبھی مجبوریاں ہی خواب کی
دیوار بنتی ہیں
کبھی مجبوریاں ہی زندگی
دشوار کرتی ہیں
انہی مجبوریوں کے ہاتھوں ہی
انسان مرتا ہے
انہی مجبوریوں پر خواب اپنے
دان کرتا ہے

میں اپنے خواب چن بھی لوں
مگر چن کے بھی کیا فائدہ
کوئی ٹوٹا ہوا شیشہ
کبھی واپس جڑا بھی ہے
کوئی گزرا ہوا لمحہ
کبھی واپس مڑا بھی ہے

محمد علی اعوان